واشنگٹن ۔ 16 ڈسمبر (ای میل) ڈاکٹر نواب میر ناصر علی خان جو جمہوریہ قازقستان کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش (ہندوستان) میں اعزازی قونصل ہیں، کو یو ایس کانگریس کی جانب سے کانگریشنل میڈالین اور کانگریشنل پروکلیمیشن کے اعزاز سے نوازا گیا جو یو ایس کانگریس کی جانب سے عطا کیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز تصور کیا جانا ہے۔ کیپٹل ہل میں منعقدہ ایک تقریب میں موصوف کو یہ اعزاز عطا کیا گیا۔ اس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کانگریس مین جوناتھن ایل جیکسن نے کہا کہ ڈاکٹر نواب میر ناصر علی خان نے بین الاقوامی شراکت داری کیلئے انتہائی منفرد قیادت کا مظاہرہ کیا ہے جس کے ذریعہ انہوں نے مختلف ممالک کو جوڑنے میں ایک پُل کا کردار ادا کیا ہے۔ عالمی تعاون، ترقیات اور بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو سراہا جانا چاہئے۔ اس طرح انہوں نے سفارتکاری کی ایک اعلیٰ مثال بھی قائم کی ہے۔ یہ خود میرے لئے بھی ایک اعزاز کی بات ہے کہ انہیں امریکہ کے کانگریشنل میڈالین اور کانگریشنل پروکلیمیشن سے نوازا جارہا ہے۔ نواب میر ناصر علی خان نے اعزاز حاصل کرنے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور جوناتھن جیکسن سے اظہارتشکر کیا۔
