اموات کی صورت میںڈاکٹرس اور پولیس کو ایک کروڑ ایکس گریشیا کا مطالبہ
حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاست میں ڈاکٹرس اور پولیس عملے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس صورتحال کیلئے حکومت کو ذمہ دار قراردیا۔ پردیش کانگریس کے ترجمان جی نارائن ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی اور پولیس و ڈاکٹرس کو احتیاطی کٹس کی فراہمی میں ناکامی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ پولیس اور ڈاکٹرس نے کورونا سے مقابلہ میں اہم رول ادا کیا ہے اور کورونا کے خلاف لڑائی میں مصروف ان شعبہ جات کا مرض کا شکار ہونا حکومت کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمس جو نان کوویڈ ہاسپٹل ہے وہاں پروفیسرس اور ڈاکٹرس میں کورونا کے پازیٹیو پائے جانے کے بعد ایک بلاک کو بند کرنے کی نوبت آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ای کٹس ، ماسک اور دیگر احتیاطی آلات کی سربراہی میں ناکامی کا خمیازہ ڈاکٹرس اور پولیس کو بھگتنا پڑا ہے۔ نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کورونا کی روک تھام کے سلسلہ میں بلند بانگ دعوے کررہے ہیں جبکہ عملی طور پر اقدامات میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ پولیس اور ڈاکٹرس کے حوصلے کو بڑھانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ کورونا سے لڑائی کمزور نہ پڑے۔انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ وبائی امراض سے نمٹنے سے متعلق ماہر کا تقرر کرے تاکہ حکومت کی بہتر رہنمائی ہوسکے۔ نارائن ریڈی نے کورونا سے فوت ہونے والے پولیس اور ہیلت ڈپارٹمنٹ کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاست میں ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کورونا جیسی سنگین صورتحال کے باوجود وزیرصحت ای راجندر غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔