حکومت تلنگانہ پر آمریت کو فروغ دینے کا الزام ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی گرفتار
حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و صدر بھارتیہ جنتا پارٹی کو شمس آباد کے قریب پولیس نے باٹا سنگارم میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم فلیٹس کے مشاہدہ کے لئے پہنچنے سے روک دیا جس پر مرکزی وزیر نے رکن اسمبلی دوباک مسٹر رگھونندن راؤ ‘ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر کونڈاوشویشور ریڈی ‘ سابق رکن اسمبلی چنتالہ رامچندر ریڈی کے علاوہ دیگر کے ہمراہ حراست میں لے لیا۔ بی جے پی قائدین نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں آمریت کو فروغ دے رہی ہے اور ان ڈبل بیڈ روم فلیٹ کی اسکیم کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہاہے۔مسٹر کشن ریڈی کے قافلہ کو پولیس کی جانب سے آگے بڑھنے سے روک دیئے جانے پر بی جے پی قائدین نے جی کشن ریڈی کی قیادت میں بارش کے دوران سڑک پر بیٹھ کر دھرنا منظم کرنا شروع کردیا ۔مرکزی کابینی وزیر کے سڑ ک پر دھرنے کی وجہ سے بڑی تعداد میں پولیس پہنچ گئی اور کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر ڈی ایس چوہان کی قیادت میں احتجاجی قائدین کو سڑک سے ہٹانے کی کوشش کی گئی جب وہ آگے جانے پر بضد تھے توپولیس نے انہیں حراست میں لیتے ہوئے دوسرے مقام پر منتقل کردیا۔مسٹر جی کشن ریڈی نے پولیس عہدیداروں کے ساتھ بحث کے دوران کہا کہ وہ ہندستانی شہری کی حیثیت سے کسی بھی مقام پر جا سکتے ہیں اور وہ ایک مرکزی وزیر ہیں اور حکومت کی جانب سے جاری اسکیم کے موقف کے متعلق آگہی حاصل کرنے کے لئے باٹا سنگارم کا دورہ کرنے جا رہے ہیں جس پر پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ نظم و ضبط کی صورتحال کے پیش نظر انہیں اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔احتجاج کے دوران پولیس عہدیدارو ںاور بی جے پی قائدین کے درمیان کچھ تلخ کلامی بھی ہوئی لیکن بعد ازاں پولیس نے صدر بی جے پی کو باٹا سنگارم پہنچنے سے روک دیا۔مسٹر جی کشن ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کو گمراہ کررہی ہے اور ڈبل بیڈ روم مکانات و فلیٹس کی تعمیر کے وعدہ کے باوجود اسے پورا نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت پر سرکاری مشنری کا استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں کسی مرکزی وزیر کو اس طرح سے روکنے کی یہ پہلی مثال ہوگی ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے غریب عوام کو دھوکہ دیا جا رہاہے اور ان کی پارٹی حقائق کو منظر عام پر لاتے ہوئے عوام کو اس بات سے واقف کروائے گی کہ ریاست میںبی آر ایس اپنے وعدہ سے منحرف ہوتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا ہے۔م