اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ، محمد علی شبیر نے نامکمل مکانات کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کی اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت سے تعلق رکھنے والے افراد بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ محمد علی شبیر نے آج کانگریس قائدین اور کارکنوں کے ہمراہ کاماریڈی میں تعمیر کئے گئے غیر معیاری مکانات کا معائنہ کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا۔ کانگریس کارکنوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ میں بھی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کا بی آر ایس قائدین اپنے شخصی مفادات کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ اپنے حامیوں کو یا پھر بھاری کمیشن ادا کرنے والوں کو الاٹمنٹ کیا جارہا ہے جبکہ حقیقی مستحق اور بے گھر خاندان محروم ہیں۔ انہوں نے بے قاعدگیوں کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی اور حقیقی مستحقین کو مکانات الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے طریقہ کار کی جامع تحقیقات کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے بیواؤں، بے سہارا خواتین اور معذورین کو الاٹمنٹ میں ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں کے سی آر حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ کے سی آر نے اپنے لئے تو عالیشان پرگتی بھون تعمیر کیا جس پر 500 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جبکہ حقیقی غریبوں کو نظر انداز کردیا گیا۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کے سرینواس راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ر