ڈبل بیڈروم مکانات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت سے کیا جائے: ہریش رائو

   

کلکٹر اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، کانگریس کے سینئر قائد کی ٹی آر ایس میں شمولیت
حیدرآباد۔ 20 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے کہا کہ سنکرانتی تہوار سے قبل ڈبل بیڈروم مکانات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب کرلیا جائے گا اور سنکرانتی کے بعد مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ حقیقی مستحقین کا انتخاب شفافیت کے ساتھ کیا جائے اور انتخاب کے سلسلہ میں قواعد و شرائط کی پابندی کی جائے۔ وزیر فینانس آج حیدرآباد میں کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ڈبل بیڈروم مکانات کے الاٹمنٹ کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سنکرانتی سے قبل استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل کرلیا جائے۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ سدی پیٹ بلدیہ کے حدود میں ڈبل بیڈروم مکانات کے لیے 11,700 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 23 تا 30 ڈسمبر مستحقین کا انتخاب مکمل کرلیا جائے گا۔ حقیقی مستحقین کی نشاندہی کے لیے 65 عہدیداروں پر مشتمل 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر ٹیم میں ایک ضلعی عہدیدار کے علاوہ منڈل سطح کے عہدیدار کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ 20 ٹیمیں 11,700 درخواستوں کی فیلڈ لیول جانچ کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کلکٹر آفس میں 10 عہدیداروں پر مشتمل خصوصی سیل قائم کیا جارہا ہے جہاں اعتراضات اور شکایات وصول کئے جائیں گے۔ یکم تا 5 جنوری درخواستوں کی دوبارہ تصدیق کی جائے گی۔ ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں مکمل شفافیت سے کام لیں اور قواعد کی پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہل اور غیر مستحق افراد کی علیحدہ علیحدہ فہرست تیار کی جائے۔ ہریش رائو نے مستحقین کے انتخاب میں سیاسی، مذہبی یا ذات پات پر مبنی مداخلت کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم ریاست کی ایک مثالی اسکیم ہے۔ اسی دوران ہریش رائو کی موجودگی میں کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی پی ایس وینکٹیش نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ہریش رائو نے وینکٹیش کا پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر ہریش رائو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک کے لیے مثالی ریاست بن چکی ہے۔ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائیگا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی لاکھ کوشش کرلیں لیکن عوام ان پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ ہریش رائو نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اپوزیشن کے ساتھ عوام نہیں ہیں اور وہ الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ توپران علاقے کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔