ڈرگ اسکینڈل میں ملوث ٹی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کو برطرف کیا جائے

   

اتم کمار ریڈی کا مطالبہ، کمیشن کیلئے دھمکانے پر وزیر لیبر کے خلاف کارروائی کی مانگ
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ ڈرگ اسکینڈل میں ملوث ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کو اسمبلی کی رکنیت سے برطرف کردیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بنگلور پولیس نے چار ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے ڈرگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ ارکان اسمبلی نے بنگلور میں ڈرگ پارٹی میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چار ارکان اسمبلی کے ناموں کو ڈرگ اسکینڈل کیس میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے انہیں بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ بنگلور میں موجود ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس و بی جے پی میں ملی بھگت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کرناٹک کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ ارکان اسمبلی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین اس معاملہ میں مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کی ٹی آر ایس سے مفاہمت نہیں ہے تو پھر کرناٹک حکومت پر دباؤ بنانا چاہئے کہ ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی گنجائش موجود ہے۔ کانگریس پارٹی اس سلسلہ میں ریاستی گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کو اسمبلی کی رکنیت سے برطرف کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے ڈرگ اسکینڈل پر چیف منسٹر کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے سی آر ، وزراء اور ارکان اسمبلی کی عادت بن چکی ہے کہ وہ عوامی جذبات کا احترام کئے بغیر غیر جمہوری انداز میں حکمرانی جاری رکھیں۔ انہوں نے ناگرجنا ساگر کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کریں، خاص طورپر قبائلیوں کیلئے یہ بہتر موقع ہے۔ کے سی آر نے سابق میں قبائلیوں کو کتا قرار دیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جو رئیل اسٹیٹ تاجر سے رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر کا آڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکا ہے لیکن چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اتم کمار ریڈی نے ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی جانب سے دولت اور شراب کی تقسیم کا الزام عائد کیا۔