حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ صاحب نگر میں ڈرینج کی صفائی کے دوران دو مزدور ہلاک ہوگئے۔ ہلاک مزدور جی ایچ ایم سی کیلئے صفائی کا کام کرتے تھے۔ اس واقعہ کے بعد کنٹراکٹر پر ساتھی مزدوروں کی جانب سے برہمی جتائی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انتیا اور اس کا ساتھی مزدور بشوا کل رات ایل بی نگر کے علاقہ صاحب نگر میں ڈرینج کی صفائی کا کام انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ڈرینج مین ہول میں پھنس کر ہلاک ہوگئے۔ تاہم پولیس اور راحت کاری ٹیموں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے بشوا کی نعش کو برآمد کرلیا ہے جبکہ انتیا کی نعش کی تلاش جاری ہے۔ متوفی کے افراد خاندان نے کنٹراکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران مقامی رکن اسمبلی نے حادثہ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی مدد کا اعلان کیا ہے۔
