ڈونالڈ ٹرمپ کا رویہ حب الوطنی سے عاری : تلسی گبارڈ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں 2020ء کے صدارتی انتخابات کیلئے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار تلسی گبارڈ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا برتاؤ کسی محب وطن کی طرح نہیں ہے جبکہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ صدر موصوف کو اپنے وطن کو متحد اور پرامن رکھنے کے علاوہ اسے محبت و آشتی کا گہوارہ بنانا چاہئے تھا۔ ڈیٹرائیٹ میں سی این این کے ڈیموکریٹک صدارتی مباحثہ کے دوران گبارڈ نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ حب الوطنی کسے کہتے ہیں۔ تلسی گبارڈ پہلی ہندو خاتون ہیں جو صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہیکہ 9/11 کے سانحہ کے بعد انہوں نے (گبارڈ) نے امریکی فوج میں شمولیت اختیار کی اور 16 سال تک خدمات انجام دیں۔ اسی دوران انہیں دو بار مشرق وسطیٰ میں بھی تعینات کیا گیا تھا۔ کانگریس میں انہوں نے سات سال تک خدمات انجام دیں۔ میں جانتی ہوں حب الوطنی کیا ہے اور میں نے اپنی زندگی میں متعدد حب الوطنوں کو دیکھا ہے تاہم مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ صدر ٹرمپ اس وقت ایک محب وطن کا رول نہیں نبھا رہے ہیں۔ جب میں صدر بنوں گی تو وائیٹ ہاؤس میں حب الوطنی کے حقیقی جذبہ کو لاؤں گی جہاں تمام امریکی شہریوں کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی ناکہ چند مٹھی بھر مالداروں اور طاقتور و بااختیار لوگوں کو۔ یاد رہیکہ تلسی گبارڈ ہوائی سے چار میعادوں کیلئے ڈیموکریٹک کانگریس وومن منتخب ہوچکی ہیں۔