ڈوین نے کاؤنٹی کرکٹ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم چھوڑدی

   

جوہانسبرگ ۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈوین اولیفیئر نے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے جس کی اہم وجہ کاؤنٹی کرکٹ کیلئے 3 سالہ معاہدہ ہے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ڈوین اولیفیئر نے کہا کہ انہوں نے یہ اپنی زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ لیا ہے جبکہ انہوں نے حال میں جنوبی افریقہ کی ٹیم میں واپسی کی تھی۔ انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں ڈوین اولیفیئر نے کہاکہ میرا فیصلہ کچھ لوگوں کے سمجھنے کے لیے بہت مشکل ہوگا۔ کرکٹ کیئریر بہت چھوٹا ہوتا ہے اور بطور ایک پشورانہ کھلاڑی انہیں تمام مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے بہترین انتخاب پر غور کرنا تھا۔ڈوین اولیفیئر نے جنوری 2017 میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں داخلہ لیا تھا جنہیں کائل ایبٹ کے بعد ان کی جگہ پر ٹیم کا اہم حصہ تصور کیا جارہا تھا۔ اولیفیئر نے یارک شائر ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کے دوران اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔ گزشتہ برس کاؤنٹی کرکٹ کے دوران انہیں یہ یقین ہوگیا تھا کہ ان کے روشن مستقبل کے لیے کاؤنٹی کرکٹ ہی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یارک شائر کے ساتھ بطور غیر ملکی کھلاڑی کھیلنا چاہتے تھے، تاہم یارک شائر کی جانب سے ملنے والے معاہدے کی پیشکش کے بعد احساس ہوگیا تھا کہ انگلش کلب کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک بہترین انتخاب ہوگا۔ اگر میں یہ کہوں کہ یہ فیصلہ میرے لیے آسان تھا تو یہ بالکل غلط ہوگا، کیونکہ میں نے ایسے وقت میں ملک کے لیے کرکٹ کھیلنا چھوڑا ہے جب میرے پاس واپس آنے کے بین الاقوامی کرکٹ کے ملنے کی امید بھی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ کولپاک معاہدے کے تحت کوئی بھی غیر یورپی یونین کھلاڑی اپنا ملک کی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد یورپ میں کسی بھی ٹیم سے کرکٹ کھیل سکتا ہے۔ اس معاہدے کی وجہ سے کسی بھی غیر یورپی کھلاڑی کو شہریت حاصل کیے بغیر ہی مقامی شہریوں جیسے حقوق حاصل ہوجاتے ہیں۔ خیال رہے کہ ڈوین اولیفیئر نے پاکستان کے خلاف حالیہ ٹسٹ سیریز میں سب سے زیادہ 24 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ پاکستان کو اس سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔