حیدرآباد ۔14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں 6 ریاستی وزراء نے آج اپنی وزارتوں کی ذمہ داری سنبھال لی۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا ، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی ، وزیر بہبودی خواتین و اطفال ڈی ستیکا اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے آج صبح اپنے چیمبرس میں وزارت کی ذمہ داری سنبھال لی ۔ نئے وزراء کے چیمبرس میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جائزہ لینے کے بعد وزراء نے بعض اہم فائلوں پر دستخط کئے اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ بھٹی وکرمارکا نے بعض اسکیمات کے لئے رقمی منظوری کی فائل پر دستخط کئے۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے تحت وزیر فینانس نے بطور سبسیڈی 374 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ راجیو آروگیہ شری اسکیم کے لئے 298 کروڑ اور برقی سبسیڈی کے طور پر 996 کروڑ جاری کئے گئے ۔ بھٹی وکرمارکا نے میڈارم جاترا کے لئے 75 کروڑ فنڈس کو منظوری دی ہے۔ وزیر مال اور اطلاعات پی سرینواس ریڈی نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے صحافیوں کی بھلائی کی اسکیمات اور محکمہ کی جانب سے حکومت کی 6 ضمانتوں کی تشہیر کا جائزہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے آبپاشی اور سیول سپلائیز کی فائلز پر دستخط کئے۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال سیتکا کے جائزہ لینے کے موقع پر ارکان اسمبلی ناگ راجو ، این راجندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ۔ کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ ، سکریٹری پنچایت راج سمیتا سبھروال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر