اقلیتی بہبود اور حج انتظامات پر تبادلہ خیال، جگن موہن ریڈی اقلیتی بہبود میں سنجیدہ
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشا نے آج حیدرآباد میں وزیر داخلہ تلنگانہ محمد محمود علی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد امجد باشا کا یہ پہلا دورۂ حیدرآباد ہے۔ انہوں نے آندھراپردیش کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی کے انتظامات کے مسئلہ پر محمود علی سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں امبارگیشن پوائنٹ الاٹ نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں جاریہ سال 13کے منجملہ 11 اضلاع کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گزشتہ برسوں میں تلنگانہ حکومت نے بہتر انتظامات اور بہتر سہولتیں فراہم کی ہیں وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس بار بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ امجد باشا نے آندھراپردیش میں وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت کی جانب اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیئے جارہے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ جگن موہن ریڈی اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی میں سنجیدہ ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے یقین دلایا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حج کیمپ کے بہتر انتظامات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض اضلاع کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا حج کیمپ ملک میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ہر سال تلنگانہ کے حج کیمپ کو نمبر ون پوزیشن حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سکیولر چیف منسٹر ہیں اور وہ عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کے بارے میں عہدیداروں کو ہدایت جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ضروری سرکاری امور کی تکمیل انجام دی جاتی ہے تاکہ ایرپورٹ کے حج ٹرمینل میں مختصر توقف کے بعد عازمین سیدھے طیارے میں سوار ہوسکیں۔ دونوں وزراء نے ایک دوسرے کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر آندھراپردیش کے بعض عہدیدار بھی ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ موجود تھے۔
