ڈپٹی چیف منسٹر کو اپنے محکمہ برقی پر عبور نہیں : ہریش راؤ

   

دو سال کے دوران پیش کئے گئے اعداد و شمار میں تضاد، دوبارہ جائزہ لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محکمہ برقی کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔ اسمبلی میں ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے جاری کردہ اسٹیٹ پاور سیکٹر کے وائٹ پیپر اور حال ہی میں جاری کردہ کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی 2025 اور آج پی پی ٹی کے ذریعہ پیش کئے گئے برقی اعداد و شمار کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں کے ریکارڈ ایک دوسرے سے میل نہیں کھا رہے ہیں۔ اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کو اپنے محکمہ برقی کے معاملہ میں معلومات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر برقی 2 سال مکمل کرنے کے باوجود ڈپٹی چیف منسٹر اپنے محکمہ پر عبور حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دوسروں کو سیاسی میدان کے لئے انفٹ قرار دینے والے ڈپٹی چیف منسٹر خود اپنے محکمہ کے لئے انفٹ پائے گئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ عہدیدار ڈپٹی چیف منسٹر کو برقی کی طلب، موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملیوں کے بارے میں غلط اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے گمراہ کررہے ہیں اور یہی اعداد و شمار کو ڈپٹی چیف منسٹر عوام کے سامنے بہتر کارکردگی کے لحاظ سے پیش کررہے ہیں جبکہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے اور نہ ہی اعداد و شمار ایک دوسرے سے میل کھا رہے ہیں لہذا وہ ڈپٹی چیف منسٹر کو مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے محکمہ کے بارے میں پہلے ہوم ورک کرلیں اس کے بعد میڈیا کے ذریعہ عوام میں اسے پیش کریں۔ دو سال کے دوران محکمہ برقی کی کارکردگی کو کچھ الگ انداز میں پیش کیا گیا اور اب الگ پیش کیا جارہا ہے جس سے عوام میں غلط پیغام پہنچ رہا ہے اور حکومت کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ 2