نئی دہلی ۔ راجیہ سبھا میں آج اس وقت دلچسپ نظارہ نظر آیا جب مدھیہ پردیش کانگریس لیڈر ڈگ وجے سنگھ نے بی جے پی میں شامل سینئر لیڈر جیوترادتیہ سندھیہ پر طنز کیا اور اور سندھیا اسے خاموشی سے سن کر رہ گئے ۔ صدر کے خطاب پر بحث کے دوران مسٹر سندھیا نے اپنا تقریباً آدھے گھنٹے کا خطاب ختم کیا اور چیئرمین وینکیا نائیڈو نے ڈگ وجے سنگھ کا نام پکارا۔ اس پر کئی ارکان کے چہروں پر معنی خیز مسکراہٹ دوڑ گئی ۔ نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے نام ترتیب کی بنیاد پر پکارا ہے ، اس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وہ سندھیا کو شاندار خطاب پر مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ وہ جتنے موثر طریقے سے یو پی اے کا موقف رکھتے رہے ہیں ، اتنے ہی موثر طریقے سے انہوں نے بی جے پی کی حکومت کا موقف بھی رکھا ہے ۔