ڈگری امتحانات کے مسئلہ پر مداخلت سے ہائیکورٹ کا انکار

   

امتحانات کے التواء کا سوال ہی نہیں، سبیتا اندرا ریڈی کی وضاحت
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ڈگری اور پی جی امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر مداخلت سے انکار کردیا ہے۔ ڈگری امتحانات ملتوی کرنے کیلئے مفاد عامہ کی درخواست داخل کی گئی۔ درخواست گذار نے کہاکہ کورونا وباء کے پیش نظر ڈگری امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے آن لائن طریقہ سے امتحانات منعقد کئے جائیں۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ لنچ موشن میں اِس معاملہ کی سماعت کی جائے تاہم عدالت نے اِس کی اجازت نہیں دی۔ عدالت نے واضح کردیا کہ صبح 10 بجے سے امتحانات کا آغاز ہوچکا ہے لہذا اِس معاملہ میں ہائیکورٹ کی مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں طلبہ تنظیمیں ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات آن لائن منعقد کرنے کا مطالبہ کررہی ہیں تاہم حکومت نے اِس تجویز کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے۔ اِسی دوران وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کیاکہ تمام اُمور کا جائزہ لینے کے بعد ہی حکومت نے امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا وباء کے پیش نظر امتحانی مراکز پر تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ طلبہ کی صحت حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور حکومت کے لئے مزید کسی فیصلے کی گنجائش نہیں ہے۔ اُنھوں نے طلبہ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران حکومت کا موقف واضح کردیا۔