ڈگری کی تعلیم کے ساتھ ماہانہ 10 ہزار روپئے کی تنخواہ

   

ریاست کے 103 ڈگری کالجس میں نئے کورسیس متعارف کرانے کی تیاریاں: پروفیسر آرلمبادری

حیدرآباد۔25۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت طلبہ کو ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران ماہانہ 10 ہزار روپئے کمانے کا موقع فراہم کر رہی ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال سے اسکیل ڈیولپمنٹ کورسیس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں جملہ 1054 ڈگری کالجس ہیں، سب سے زیادہ داخلے والے 103 کالجس میں یہ کورسیس دستیاب ہوں گے جس میں 37 سرکاری ڈگری کالجس اور 66 خانگی کالجس شامل ہیں، ان میں 56 کالجس کا عثمانیہ یونیورسٹی سے الحاق ہے ۔ یہ کورسیس سیکٹر اسکیل کونسل کے تعاون سے کرایئے جاتے ہیں ۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے صدرنشین پروفیسر آر لمبادری نے ان کورسیس کے تعارف کے سلسلے میں عثمانیہ ، تلنگانہ ، کاکتیہ ، ستواہنا ، مہاتما گاندھی ، پالمور اور تلنگانہ ویمنس یونیورسٹی کے وائس چانسلرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ اجلاس میں سیکٹر اسکیل کونسل کے نمائندے سبا راؤ نے روڈ میاپ پر تبادلہ خیال کیا ۔ 28 اپریل کو ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے مکمل روڈ میاپ کو قطعیت دینے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کی سکریٹری وکاتی کرونا اور کالج ایجوکیشنکمشنر نوین متل نے اس سمت میں پہل کی ہے اور نئے کورسیس دستیاب کرانے کی تجویز پیش کی ہے ۔ سیکٹر اسکیل کونسل اور متعلقہ کالج کے شعبہ صنعتوں کے ساتھ باہمی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کریں گے ۔ سیکٹر کونسل کے ذریعہ جملہ 13 ہنرمندی کے کورسیس دستیاب ہیں۔ ریاست میں 10 اقسام کے کورسیس متعارف کرایئے جائیں گے جبکہ ایک کالج میں صرف ایک کورس کی اجازت ہے ۔ زیادہ سے زیادہ 60 طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے ۔ طلبہ کو تین دن کالج میں اور باقی تین دن انڈسٹری میں انٹرن شپ کرنی ہوگی یعنی اگر آپ انڈسٹری میں 15 دن کام کرتے ہیں تو آپ کو ماہانہ 10 ہزار روپئے ملیں گے ۔ کورس کی تکمیل کے بعد پلیسمنٹ فراہم کئے جائیں گے ۔ بی کام ، بی بی اے طلبہ کو ریٹیلنگ ، ای کامرس آپریشنس لاجسٹکس جیسے کورسیس میں کسی ایک کی کالج میں اجازت دی جائے گی ۔ بی اے کے طلبہ کیلئے مواد اور تخلیقی ، تحریر میڈیا اور تفریحی کورسیس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ بی ایس سی طلبہ کیلئے فارما اینمیشن اور انٹرٹینمنٹ کورس کرایئے جائیں گے ۔ صدرنشین کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر آر لمبادری نے بتایا کہ یہ وہ کورسیس ہیں جو ڈگری کی سطح پر طلبہ کو اچھا مستقبل دیتے ہیں۔ ان کورسیس میں داخلہ لینے والے طلبہ کو ماہانہ کچھ مالی مدد ملتی ہے ۔ کورسیس کی تکمیل کے بعد اپولو ، ایل ایم ڈی جیسے اداروں میں ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ن