ڈھاکہ : تقریباً پندرہ سالہ سرد مہری کے بعد دونوں ملکوں میں خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر باہمی سیاسی مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ اطراف کے تعلقات بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں، تاہم ڈھاکہ نے ’1971 کیلئے ‘ معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ اور بنگلہ دیش کے میڈیا کی جانب سے آنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان کی خارجہ سیکرٹری آمنہ بلوچ جمعرات کے روز بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب جشیم الدین کے ساتھ کئی اہم امور پر بات چیت کی۔ جمعرات کے روز ہی بنگلہ دیش کے ’فارن آفس کنسلٹیشن‘ (ایف او سی) سے بات چیت کے بعد آمنہ بلوچ نے ڈھاکہ انتظامیہ کے اہم مشیر پروفیسر محمد یونس اور خارجہ امور کے مشیر توحید حسین سے بھی ملاقات کی۔ ڈھاکہ اور اسلام آباد کے مابین خارجہ سکریٹریوں کی سطح کی آخری بات چیت سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے پہلے دور میں سن 2010 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے باہمی سفارتی روابط میں کمی آتی گئی تھی۔ اس پس منظر میں دونوں ممالک کے مابین سفارتی سطح پر سیاسی مذاکرات کا دوبارہ آغاز 15 برس بعد ہوا ہے۔ اس ملاقات کے حوالے سے اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کی مشاورت کا چھٹا دور 15 برس کے وقفے کے بعد آج ڈھاکہ میں شروع ہوا اور فریقین کے درمیان خوشگوار ماحول میں مستقبل کی تعمیری پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت ہوئی، جن میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات، زراعت، ماحولیات اور تعلیمی شعبہ میں تعاون، ثقافتی تبادلے، دفاعی تعلقات نیز عوام کے درمیان رابطوں جیسے امور شامل ہیں۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کیں۔