ڈی ایس سی امتحانات ملتوی کرنے کودنڈا رام کی سفارش

   

پروفیسر ہرگوپال کے ساتھ صدر نشین پبلک سرویس کمیشن سے ملاقات

حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) ڈی ایس سی امتحانات کی منسوخی کیلئے طلبہ اور نوجوانوں کی جانب سے شدیداحتجاج کے دوران صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام اور جہد کار پروفیسر ہرگوپال نے صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن مہیندر ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈی ایس سی اور گروپ II امتحانات کے درمیان مناسب وقفہ کی کمی کے سبب امیدواروں میں پائی جانے والی بے چینی سے واقف کرایا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے بہتر وقفہ کے ساتھ نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے تاکہ امیدوار مکمل تیاری کے ساتھ دونوں امتحانات میں شرکت کرسکیں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے میڈیا کو بتایا کہ صدرنشین پبلک سرویس کمیشن کو تفصیلی طور پر طلبہ کے مطالبات سے واقف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں امتحانات میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کی خاصی تعداد ہے اور انہیں کسی ایک امتحان پر توجہ دینے میں دشواری ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ I جائیدادوں کیلئے طلبہ 1:100 تناسب کی درخواست کررہے ہیں جبکہ پبلک سرویس کمیشن نے 1:50 طئے کیا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام اور پروفیسر ہرگوپال نے جائیدادوں کے انتخاب کے تناسب کو 1:100 کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی درخواست کی۔ کودنڈا رام کے مطابق ڈی ایس سی امتحانات کے التواء کی صورت میں طلبہ کو دونوں امتحانات میں بہتر تیاری کے ساتھ شرکت کا موقع ملے گا اور یہی طلبہ برادری سے انصاف کے مماثل ہے۔ صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن مہیندر ریڈی نے اس سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام کے مطابق طلبہ اور نوجوانوں خاص طور پر بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے وہ وقتاً فوقتاً حکومت سے نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بیروزگار نوجوانوں کے جائز مطالبات کو قبول کرے گی۔ واضح رہے کہ ڈی ایس سی اور گروپ II کے امیدوار گذشتہ ایک ہفتہ سے ریاست بھر میں احتجاج کرتے ہوئے ڈی ایس سی امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس پارٹی اور خانگی کوچنگ سنٹرس کے مالکین پر امیدواروں کو مشتعل کرنے کا الزام عائد کیا۔1