نئی دہلی: دراوڑ منیتر کژگم (ڈی ایم کے ) کے ارکان پارلیمنٹ کنیموزی، ٹی شیوا اور ان کے دیگر ساتھی ارکان پارلیمنٹ نے انتخابی حلقوں کی حد بندی کے معاملے پر جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاج و مظاہرہ کیا۔ ڈی ایم کے کا کہنا ہے کہ حد بندی میں تمل ناڈو کے مفادات پر منفی اثر پڑے گا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محترمہ کنیموزی نے کہا کہ ہمارے لیڈر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن حد بندی اور ریاستوں کے مفادات پر ممکنہ اثرات کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ حد بندی منصفانہ طریقے سے ہو۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں وضاحت دے ، لیکن حکومت صرف ہمیں الجھا رہی ہے ۔ احتجاج کرنے والے ڈی ایم کے ممبران پارلیمنٹ نے بینر اٹھا رکھے تھے ۔ اس پر نعرہ ’’منصفانہ حدبندی ‘‘ لکھا ہوا تھا۔