ڈی جی پی آندھرا پردیش کے مکان جوبلی ہلز میں بلدیہ کی انہدامی کارروائی

   

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے آج اے پی کے ڈائرکٹر جنرل پولیس آر پی ٹھاکر کے مکان واقع پرشاسن نگر جوبلی ہلز میں غیر مجاز تعمیر کئے گئے ایک حصہ کو منہدم کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر آئی پی ایس عہدیدار آر پی ٹھاکر نے مبینہ طور پر جوبلی ہلز پلاٹ نمبر 149 پر مکان کی تعمیر کے دوران بلدی قوانین کی خلاف ورزی کی اور گراؤنڈ تا تین منزل تک آہنی ڈیزائن کے اسٹرکچر کو نصب کیا اور اوور برج تعمیر کیا ۔ تعمیر کے خلاف پرشاسن نگر ہاؤزنگ کوآپریٹیو سوسائٹی نے جی ایچ ایم سی سے شکایت درج کروائی اور یہ معاملہ عدالت تک پہونچا تھا۔ آر پی ٹھاکر کو عدالت سے راحت نہ ملنے پر جی ایچ ایم سی نے 2 مارچ کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرکے آج انہدامی کارروائی کی جس میں باؤنڈری وال اور آہنی اسٹرکچر کو توڑ دیا گیا۔