ڈی جی پی کا کورونا ہاٹ اسپاٹس کا دورہ

   

Ferty9 Clinic

عوام سے لاک ڈاون میں تعاون کرنے کی اپیل
حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے جمعہ کو ویسٹ زون علاقے آصف نگر ڈیویژن کے کنٹینمنٹ زونس کا دورہ کیا ۔ ڈی جی پی کے ہمراہ پولیس کمشنر انجنی کمار اور ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس بھی موجود تھے ۔ کنٹینمنٹ زونس کا معائنہ کرکے ملے پلی ، اور دیگر اطراف و اکناف علاقوں کا پیدل دورہ کیا ۔ جس میں مقامی عوام سے بھی تبادلے خیال کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں کنٹینمنٹ زونس قائم کئے گئے ہیں اور یہ زونس قائم کرنے کا اصلی مقصد کورونا وائرس وباء کو پھیلنے سے روکنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں نئے کیسیس رونما نہ ہونے زونس قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پولیس انتظامیہ سے تعاون کریں اور اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ پولیس ، بلدیہ اور محکمہ صحت کے عہدیدار ٹیم کی شکل میں کام کر رہے ہیں اور اسکے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کنٹیمنٹ زونس کے ذریعہ کورونا کی چین کو توڑا جاسکتا ہے اور عوام اس میں تعاون کریں ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ایک پازیٹیو کیس ملنے پر اسکے قریبی رشتہ دار دوست احباب جو قریبی تعلق رکھتے ہیں کا بھی معائنہ کیا جاتا ہے اور وہ پازیٹیو پائے جائیں تو دواخانہ میں رکھ کر علاج کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے علاوہ تلنگانہ میں قائم کئے گئے کنٹینمنٹ زونس میں سرگرم پولیس کی کارکردگی کی ستائش اور کہا کہ تلنگانہ پولیس اس وباء کی روک تھام میں بلدی حکام اور محکمہ صحت کے ساتھ 24 گھنٹے کام کر رہی ہے ۔