ڈی کرشنا ریڈی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے کارگزار صدرنشین

   

Ferty9 Clinic


سبکدوش صدرنشین اور ارکان کی تہنیتی تقریب، چیف سکریٹری کی شرکت
حیدرآباد: حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے موجودہ رکن ڈی کرشنا ریڈی کو کمیشن کا کارگزار صدرنشین مقرر کیا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں جی او ایم ایس 169 جاری کیا ۔ ڈی کرشنا ریڈی کمیشن کے باقاعدہ صدرنشین کے انتخاب یا پھر اپنی میعاد کی تکمیل تک کارگزار صدرنشین کے عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ واضح رہے کہ کمیشن کے صدرنشین اور تین ارکان کی میعاد جمعرات کو ختم ہوگئی ۔ کمیشن میں دو ارکان ایسے ہیں جن کی میعاد ابھی باقی ہے۔ ڈی کرشنا ریڈی کی میعاد ستمبر 2021 ء تک باقی ہے، لہذا حکومت نے کمیشن کی کارکردگی جاری رکھنے کیلئے انہیں کارگزار صدرنشین مقرر کیا ہے۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار نوین چند کو صدرنشین مقرر کرنے کی اطلاعات میڈیا میں گشت کر رہی تھی لیکن حکومت نے موجودہ رکن کو اضافی ذمہ داری دے دی ۔ اسی دوران سبکدوش ہونے والے صدرنشین اور ارکان کی وداعی تقریب منعقد ہوئی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ، صدرنشین پریس اکیڈیمی الم نارائنا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ سبکدوش صدرنشین پروفیسر جی چکرا پانی اور ارکان سی وٹھل ، ڈاکٹر چندراوتی اور ڈاکٹر متین الدین قادری کو تہنیت پیش کی گئی۔ چیف سکریٹری نے پبلک سرویس کمیشن کا جدید مینول جاری کیا۔ انہوں نے سبکدوش صدرنشین اور ارکان کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کمیشن نے انتہائی شفاف طریقہ سے کام کیا ہے۔ کمیشن کی بہتر کارکردگی سے حکومت کی نیک نامی ہوئی ہے۔ چیف سکریٹری نے ارکان کی فرداً فرداً تہنیت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر متین الدین قادری نے عربی زبان میں وداعی تقریر کی اور بعد میں اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا ۔ 6 سالہ میعاد کی تکمیل کے بعد صدرنشین اور تین ارکان جمعرات کو سبکدوش ہوگئے ۔