محبوب نگر میں ایمان کمیٹی کا اجلاس ، سخت کارروائی کا مطالبہ
محبوب نگر ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : آج آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز محبوب نگر میں ایک اہم اجلاس ایمان کمیٹی محبوب نگر کی جانب سے منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے اور ان کے مستقبل کو تاریک کرنے کی کوشش کرنے والے حیدرآباد ڈیاگنوسٹک سنٹر سوماجی گوڑہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ کمیٹی کے صدر محمد سلیم نے بتایا کہ محبوب نگر کا ایک نوجوان جو اپنے حالات سے تنگ آکر کویت جانے کی غرض سے میڈیکل چیک اپ کے لیے حیدرآباد ڈیاگنوسٹک سنٹر سے رجوع ہوا ۔ 13 فروری ، 26 دسمبر ، 5 اکٹوبر کو کروائے گئے تینوں ٹسٹوں میں ایچ آئی وی مثبت بتایا گیا اس کے بعد نوجوان نے ممتا ڈیاگنوسٹک ، وجیا ڈیاگنوسٹک حمایت نگر ، گورنمنٹ ہاسپٹل محبوب نگر میں ٹسٹ کروائے جہاں تمام رپورٹس نارمل ہی رہیں ۔ نوجوان اپنی رپورٹس کے ساتھ جب ڈیاگنوسٹک پر دریافت کیا تو وہاں کے ڈاکٹرس اور اسٹاف نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے ان کو ایچ آئی او ان فٹ کی جھوٹی رپورٹ نوجوان کو تھما دی ۔ ہمارا پر زورمطالبہ ہے کہ اس سنٹر میں اب تک جتنے بھی رپورٹس سنٹر نے دی ہیں ان کی مکمل تحقیقات کرائیں ۔ سنٹر کے اسٹاف اور عملہ کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس طرح کے تمام سنٹروں کو بند کردیا جائے ۔ اس موقع پر سید غوث ، عبدالاحمد ، سید وحید شاہ ، محمود خاں ، سنی عبداللہ ، محبوب ، احمد خاں ، محمد بشیر و دیگر نوجوان شریک تھے ۔۔