ڈیجیٹل انڈیا کے ذریعہ وقت، محنت اور پیسے کی بچت:مودی

   

21 ویں صدی میں بااختیار ہندوستان کی علامت، ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے 6 سال کی تکمیل ، وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کورونا بحران کے دوران لوگوں کو براہ راست اپنے بینک کھاتوں میں مالی مدد پہنچانے اور انفیکشن کی روک تھام اورٹیکہ کاری کے مشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈیجیٹل انڈیا سے وقت، محنت اور پیسے کی بچت ہو رہی ہے ۔ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے چھ سال مکمل ہونے کے موقع پر اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں سے بات چیت کے دوران، مودی نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا ہے کہ ڈیجیٹل انڈیا مشن نے کورونا بحران کے دوران ملک کے لئے کتنا کام کیا ہے ۔ ایسے وقت میں جب بڑے مالدار ممالک لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے شہریوں کو امدادی رقم بھیجنے میں ناکام ہو رہے تھے ، ہندوستان ہزاروں کروڑ روپے براہ راست لوگوں کے بینک کھاتوں میں بھیج رہا تھا۔ ہندوستان نے کورونا دور میں جو ڈیجیٹل وسائل تیار کیے ہیں ان پر پوری دنیا میں بحث ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رابطے کا سراغ لگانے کے لئے دنیا کے سب سے بڑے ایپ میں شامل اروگیہ سیتو ایپ نے انفیکشن کی روک تھام میں بہت مدد کی ہے ۔ بہت سے ممالک نے ٹیکہ کاری کے لئے ہندوستان کے کوون ایپ میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ ٹیکہ کاری کے لئے اس طرح کے مانیٹرنگ میڈیم کا ہونا ہمارے تکنیکی قابلیت کا ثبوت ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا کا مطلب وقت، محنت اور پیسہ بچانا ہے ۔ ڈیجیٹل انڈیا کا مطلب کم سے کم حکومت، زیادہ سے زیادہ گورننس ہے ۔ نریندرمودی نے کہا کہ ملک میں آج ایک طرف جدت طرازی کا جنون ہے ، تو دوسری طرف انہیں تیزی سے اپنانے کا جذبہ بھی ہے ۔ اس لئے ، ڈیجیٹل انڈیا ہندوستان کا عزم ہے ، خود انحصار ہندوستان کا وسیلہ ہے اور 21 ویں صدی میں بااختیار ہندوستان کی علامت ہے ۔ ڈرائیونگ لائسنس ہو، برتھ سرٹیفکیٹ ہو، بجلی کے بل کی ادائیگی ہو، پانی کا بل ادا کرنا ہو، انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے ہوں، ایسے بہت سے کاموں کے لئے ، ڈیجیٹل انڈیا کی مدد سے یہ کام کاج اب زیادہ آسان اور تیز تر ہوچکے ہیں۔ یہاں تک کہ دیہاتوں میں بھی لوگ اپنے گھروں کے نزدیک سی ایس سی مراکز سے یہ کام کروا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا سے سب کو مواقع اور مساوی سہولیات میسر ہوئی ہیں۔ اس سے ہر ایک کی شراکت کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہر فرد کو سرکاری مشینری تک رسائی حاصل ہوئی ہے ۔ اس کے نتیجے میں ایک شفاف، غیر جانبدار نظام پیدا ہوا ہے اور بدعنوانی پر چوٹ پڑی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل لین دین سے کسانوں کی زندگیوں میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے ۔ وزیر اعظم کسان سمان نیدھی کے تحت 10 لاکھ سے زائد کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں ایک لاکھ 35 ہزار کروڑ روپے براہ راست جمع کرائے گئے ہیں۔