ڈیجیٹل تعلیم کیلئے جلد ہی ای یونیورسٹی کا قیام: یو جی سی

   

کاکیناڈا: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینے کے لیے جلد ہی ایک ای یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ کمار نے ہفتہ کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بعد تقریباً 90 کروڑ لوگ براڈ بینڈ خدمات کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیزاور متعلقہ تعلیمی ادارے ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کالجوں میں کامن سروس سینٹرز قائم کریں۔ کمار نے کہا کہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ونگ کو مضبوط کرنے کے لیے ایک نیشنل ریسرچ سنٹر شروع کرنے کے منصوبے جاری ہیں اور اگلے پانچ سالوں میں اس مرکز کے ذریعے تحقیق پر 50,000 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ انہوں نے تعلیمی اصلاحات اور مرکزی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے آندھرا پردیش کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی ستائش کی۔