ڈیفنس سکیورٹی کے پیش نظر 43 موبائیل ایپس پر پابندی

   

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے ہندوستان کی مقتدر اعلیٰ اور یکجہتی کے دائرہ کار کے تحت ملک کی سلامتی، ڈیفنس، سکیورٹی اور عوامی نظم و ضبط کو پیش نظر رکھتے ہوئے 43 موبائیل اپلی کیشنس پر پابندی عائد کی ہے۔ اِن میں سے کئی ایپس کے مالکین چینی کمپنیاں ہیں۔ حال ہی میں حکومت نے چین کی کئی کمپنیوں کے ایپس کو بند کردیا تھا۔ تازہ جن ایپس پر پابندی عائد کی گئی ہے اِن میں چین کے علی بابا گروپ کے 4 ایپس بھی شامل ہیں۔ وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے قانون کی دفعہ 69A کے تحت احکام جاری کرتے ہوئے 43 موبائیل ایپس تک ہندوستانی عوام کی رسائی کو روک دیا ہے۔ اِس سلسلہ میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہاکہ مرکزی حکومت نے جون میں بھی چین کی 59 موبائیل اپلی کیشنز پر پابندی عائد کی تھی۔ لداخ کے گلوان وادی میں چینی افواج کے ساتھ جھڑپ کے دوران 20 ہندوستانی سپاہیوں کی موت کے بعد حکومت ہند نے چین کے ایپس کو بند کردیا تھا۔ حکومت نے اب تک 118 ایپس کو بند کردیا ہے جن میں زیادہ تر چین کی کمپنیوں کے ایپس ہیں۔ اِن ایپس کی وجہ سے ملک کے مقتدر اعلیٰ کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔