ڈینگو اور ٹائیفائیڈ کے کیسیس میں اضافہ

   

احتیاطی اقدامات کرنے شہریوں کو ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کی آمد کے ساتھ مختلف قسم کے وائرل بخار کے کیسیس بالخصوص ڈینگو اور ٹائیفائیڈ کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ ان امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ڈاکٹرس نے ضروری احتیاطی اقدامات کرنے جیسے مچھروں کو گھر میں داخل ہونے سے روکنے کا مشورہ دیا ہے۔ فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے کہا کہ ڈینگو اور ٹائیفائیڈ کے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ فیور ہاسپٹل پر موسمی بیماریوں کے باعث آوٹ پیشنٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور روزانہ تقریباً 800 مریض رجوع ہورہے ہیں۔ تمام مریض سردی، کھانسی، جسم میں درد، الٹیاں، اسہال اور دیگر مختلف علامتوں کے ساتھ دواخانے کو آرہے ہیں۔ ڈینگو اور ٹائیفائیڈ کے کیسیس میں بھی دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ فیور ہاسپٹل پر روزانہ پانچ، چھ کیسیس کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی امراض سے متاثر ہونے والے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے تمام بیڈس اور اسٹاف تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ان امراض سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری ایکوپمنٹ کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے ان امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لوگوں کو مچھردان کا استعمال کرنے اور آس پاس میں صفائی رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔