روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، نائب صدرنشین پلاننگ کمیشن ونود کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ ریاست کے پانچ اضلاع میں 300 کروڑ کے سرمایہ سے مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کے قیام کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ونود کمار نے بالا نگر میں واقع مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزس کے دفتر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے قیام کے ذریعہ ریاست کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ورنگل میں 200 کروڑ کے خرچ سے 25 ایکر اراضی پر چھوٹی اور متوسط صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ کریم نگر ، نظام آباد ، کھمم اور محبوب نگر ضلع ہیڈکوارٹر پر اسی طرح کی صنعتوں کے قیام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ضلع میں 20 کروڑ کے سرمایہ سے کم از کم ایک صنعت کے قیام کے لئے بہت جلد اراضی کے حصول کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ کریم نگر میں ستاوہانا یونیورسٹی کے علاقہ میں یہ صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں مقامات اور اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری کے قیام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حکومت اس سلسلہ میں جلد فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹ میں جن فصلوں کی مانگ ہے ، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ صنعتی ترقی کے شعبہ میں تیزی پیشرفت کر رہا ہے۔ اس موقع پر ونود کمار نے ٹول ڈیزائن سنٹر کا معائنہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ ورنگل دیاکر اور ٹی آر ایس انچارج ملکاجگیری راج شیکھر ریڈی نے ونود کمار کے ہمراہ شجرکاری میں حصہ لیا ۔ ادارہ کے سربراہ چندر شیکھر اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔