کئی شہروں میں سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں کمی

   

نئی دہلی: کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) اور پائپ لائن والی پکوان گیس (پی این جی) کی قیمتوں میں 6 روپے تک کی تخفیف کی گئی ہے۔ تقریباً دو سالوں کے بعد گیس قیمتوں میں یہ پہلی تخفیف ہے۔ پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے خود ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی۔مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ٹوئٹر پر لکھا ’’سی این جی اور پی این جی صارفین کو راحت! گھریلو طور پر پیدا ہونے والی قدرتی گیس کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظر ثانی کرنے کے کابینہ کے فیصلے کے نتیجے میں اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ کی طرف سے دہلی، یوپی، ہریانہ اور راجستھان کے کئی شہروں میں سی این جی کی قیمت میں تقریباً 6 روپے فی کلو اور گھریلو پی این جی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کی تخفیف کی گئی ہے۔حکومت نے ایک روز قبل قدرتی گیس کی قیمت کے تعین کا نیا فارمولہ نافذ کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد دہلی میں سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ دہلی میں سی این جی اور پائپ لائن گیس کی ریٹیل فروخت کرنے والی فرم اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ قومی راجدھانی خط (این سی ٹی) میں سی این جی کی قیمت 79.56 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 73.59 روپے فی کلو پر آ گئی ہے۔ اسی طرح، پائپڈ گھریلو ایل پی جی کی قیمت 53.59 روپے فی معیاری کیوبک میٹر (ایس سی ایم) سے گھٹ کر 48.59 روپے فی ایس سی ایم پر آ گئی ہے۔ آئی جی ایل کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اپریل سے ہوگا۔