کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آج افراتفری کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے متعدد ایئر لائنز کا فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو کابل ایئرپورٹ پر اس وقت فائرنگ ہوئی جب ہزاروں شہری افغانستان سے باہر جانے والی فلائٹس پکڑنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس افراتفری کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مجھے یہاں بہت ڈر لگ رہا ہے، وہ ہوا میں بہت زیادہ فائرنگ کر رہے ہیں۔ پیر کو کابل ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ ہوئی جس کے بعد ایئر پورٹ پر بھگڈر مچ گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر افراتفری سی مچی ہوئی ہے۔ جو افراد جہازوں کی سیڑھیاں چڑھنے میں کامیاب ہوئے، وہ دوسرے لوگوں کو اوپر چڑھنے میں مدد کر رہے ہیں۔ایئر پورٹ پر متعدد خوفزدہ خاندان اپنے سامان کے ساتھ افغانستان سے نکلنے کے لیے جمع ہیں اور وہاں موجود بچے گھبرائے ہوئے ہیں۔دوسری جانب کابل میں امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو ایئر پورٹ کی طرف سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔25 سالہ نوجوان احمد نے بتایا کہ ہمیں اب شہر میں رہنے سے خوف آتا ہے، ہم کابل سے نکل جانا چاہتے ہیں۔ادھر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے بھی کابل ایئرپورٹ پر سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث کابل آپریشن معطل کر دیا ہے۔
