کانگریس حکومت کے خلاف مسلمانوں میں مایوسی کی لہر : صلاح الدین لودھی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے قائد اسمبلی حلقہ چارمینار کے انچارج صلاح الدین لودھی نے کانگریس حکومت میں مسلمانوں کو وزارت کے علاوہ تمام شعبوں میں نظر انداز کردینے کی سخت مذمت کی ۔ بالخصوص محکمہ اقلیتی بہبود میں محکمہ پنچایت راج کے ملازمین کے انضمام پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ صلاح الدین لودھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل ’ میناریٹی ڈیکلریشن ‘ کا اعلان کیا ۔ حکومت کے 18 ماہ مکمل ہوجانے کے باوجود چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک وعدے کو بھی پورا نہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو مایوس کردیا ہے ۔ تلنگانہ کی کابینہ میں مسلم نمائندگی کو نظر انداز کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی گئی ہے ۔ ساری ریاست میں مسلمان کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے پچھتا رہے ہیں ۔ کابینہ میں مسلم وزیر نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کے کوئی مسائل حل نہیں ہورہے ہیں اور نہ ہی حکومت میں کوئی مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ مسلمان کس کے پاس جائیں یہ سب سے بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اگر مسلمان وزیر ہوتا تو محکمہ اقلیتی بہبود میں محکمہ پنچایت راج کے ملازمین کا انضمام نہیں ہوتا ۔ کانگریس حکومت ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کو نظر انداز کرچکی ہے ۔ کانگریس حکومت مسلمانوں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کا اعتماد کھوچکی ہے ۔ مقامی اداروں کے انتخابات اور اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کو سبق سکھائیں گے اور بی آر ایس دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ 2