کار برج سے نیچے گرگئی ، دو افراد ہلاک 3 کی حالت نازک

   

یلاریڈی /19 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی کے کچھ فاصلہ پر موجود ملیاپلی شیوار میں پوچارم پراجکٹ بڑی کنال پر جدید تعمیر کیا جارہا برج کے کھڈے میں چہارشنبہ کی رات کو حادثاتی طور پر کار گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے اور تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میدک ضلع کے پاپنا پیٹ منڈل نرسنگ راؤ پلی تانڈا سے تعلق رکھنے والا بیریا اپنے افراد خاندان کے ساتھ مل کر نظام آباد سے بڑا پہاڑ کو جارہے تھے کہ ملیا پلی کے پاس تعمیر کیا جارہا برج کے نیچے کھڈے میں کار گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ بڑا پہاڑ درگاہ پر نیاز کرنے کیلئے جمعہ کو مقرر کیا گیا اور ایک دن قبل تیاری کرنے کی غرض سے یہ لوگ جارہے تھے ۔ پیریا نائیک اپنے چھوٹے بھائی وینو اور دو لڑکے سونو ، پراوین اور ڈرائیور کو لے جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں ڈرائیور پیریا مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگیا اور مقامی افراد نے 108 ایمبولنس کو اطلاع دینے پر زخمیوں کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ وینو ، سونو ، پراوین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پاپناپیٹ کے نرسنگ راؤ پلی تانڈا سے کثرت سے لوگوں نے ملیاپلی کا رخ کیا اور برج کی تعمیرات کے دوران کسی قسم کا انتباہی بورڈ نصب نہ کرنے سے یہ بڑا حادثہ پیش آیا ۔ کہہ کر الزام لگاتے ہوئے راستہ روکو احتجاج منظم کیا اور پولیس کی لاپرواہی پر برہمی کا ا ظہار کیا ۔