کار ڈرائیور 7 کروڑ مالیتی زیورات کے ساتھ فرار

   

حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں ایک کار ڈرائیور 7 کروڑ مالیتی زیورات کے ساتھ فرار ہوگیا۔ ایس آر نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہیکہ مادھاپور علاقہ کی ساکن خاتون نے ڈرائیور کو ہیرے کے زیورات دیکر ایس آر نگر روانہ کیا تھا جہاں گراہک کو زیورات حوالے کرنے تھے۔ تاہم اس دوران ڈرائیور کار اور زیورات کے ساتھ فرار ہوگیا۔ پولیس نے شکایت کے بعد فوری اقدام کرتے ہوئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق رادھیکا نامی خاتون جو مادھاپور کے علاقہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں رہتی ہے، یہ خاتون پیشہ سے ہیرے کے زیورات کی تجارت کرتی ہے۔ اس خاتون کے پڑوس میں رہنے والی خاتون انوشا نے رادھیکا کو 50 لاکھ روپئے کے زیورات کا آرڈر دیا تھا۔ انوشا اپنے رشتہ دار کے مکان واقع مدھورا نگر میں تھی اور اس نے رادھیکا سے زیورات کے متعلق بات چیت کی۔ رادھیکا نے اپنے ڈرائیور سرینواس کو 7 کروڑ مالیتی زیورات کے ساتھ کار دیکر انوشا کے یہاں روانہ کیا۔ تاہم سرینواس مدھورانگر نہیں پہنچا اور زیورات لیکر فرار ہوگیا۔ پولیس رادھیکا کے زیورات کی تفصیلات اور بل کی جانچ کررہی ہے اور پولیس کو شبہ ہے رادھیکا کے یہاں قیمتی زیورات اور رقمی لین دین کا کوئی جواب نہیں ہے۔ پولیس سارے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ع