نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں ان کی حکومت میں صفائی ملازمین کو ہر ماہ وقت پر تنخواہ دی جائے گی اور تمام کنٹریکٹ ملازموں کو مستقل کیا جائے گا۔پیر کو مسٹر سسودیا نے گوکل پور، روہتاس نگر اور شاہدرہ اسمبلی کے کائی وارڈوں میں منعقد کی گئی نکڑ سبھا میں لوگوں سے بات چیت کی اور لوگوں کے مسائل جانے ۔ اس دوران عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار ان کے وارڈ میں کیجریوال کا کونسلر منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈی انتخابات میں صرف چھ دن باقی ہیں۔ اس لیے اب لوگوں کو چاہیے کہ وہ اگلے چھ دنوں تک اپنے وارڈ کے ہر گھر میں جائیں اور لوگوں کو یہ بتائیں کہ اگر کوئی بی جے پی یا کانگریس کا کونسلر آیا تو اگلے پانچ سال وہ صرف لڑے گا اور عوام کے کام کو روکے گا۔ دہلی کی بہتری اور ایم سی ڈی میں اپنے تمام کام کروانے کے لیے صرف اروند کیجریوال کے کونسلر کا انتخاب کریں۔