گنیش تہواروں میں ڈی جے کی اجازت نہیں ، قانون کی خلاف ورزی پر انتباہ : ایڈیشنل ایس پی
بھینسہ : بھینسہ ایڈیشنل ایس پی آیی پی ایس کرن کھرے کی نگرانی میں 110 پولیس جوانوں نے صبح کی اولین ساعتوں میں شہر کے اے پی نگر کالونی علاقے میں کارڈن سرچ آپریشن انجام دیتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر تلاشی لی اور مکینوں کے آدھار کارڈ کی جانچ کی ، اس موقع پر اے ایس پی کرن پربھاکر کھرے نے کہا کہ کارڈن سرچ میں دستاویزات کی عدم دستیابی پر (125) موٹرسائیکل ،چار آٹورکشاں ، دو ٹاٹا میجک موٹرگاڑیاں ،ایک کار کو ضبط کیاگیا اور پندرہ سو روپییے مالیاتی ممنوعہ گٹکھا کے علاوہ چار ہزار پانچ سو روپئے مالیاتی غیرقانونی شراب کو بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کارڈن سرچ کا مقصد عوام کو ہراساں و پریشان کرنا ہرگز نہیں ہے بلکہ بھینسہ میں فرقہ وارانہ فسادات اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ ہے کیونکہ تہواروں کے دوران اکثر شرپسند عناصر شہر کے امن و امان کو درہم برہم کرنے کے لیے متحرک ہوجاتے ہیں خاص طور پر غیر مقامی افراد دوسرے مقامات سے بھینسہ آکر مسائل اور تنازعات پیدا کرتے ہیں ، ایسے افراد کی شناخت کے لیے کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا گیا انھوں نے واضح انداز میں کہاکہ آنے والے گنیش تہوار کے بشمول کسی بھی عوامی تقریب کے لئے ڈی جے ساؤنڈ کی ہرگز اجازت نہیں ہے اس ضمن میں نرمل ضلع پولیس کی جانب سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہے اور اگر کوئی شخص قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے ساؤنڈ کا استعمال کرتا ہے تب پولیس کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ انھوں نے کہاکہ بھینسہ میں نظم و ضبط اور امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس ٹھوس اقدامات کررہی ہے اس لئے شہر کی عوام بھی پولیس کا مکمل تعاون کرتے ہوئے تمام افراد شہر کی حفاظت اور امن و سلامتی کیلئے محلوں کے مکینوں اور مارکیٹ میں دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائے۔ اس کارڈن سرچ آپریشن میں ٹاین سرکل انسپکٹر پراوین کمار ،سب انسپکٹران محمد غوث ،گنگارام ،پردیپ ، درشن سرنیواس کے علاوہ خواتین پولیس شامل تھی۔
