گروپ I امتحانات میں 18 واں رینک ، نئی تاریخ رقم ، نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ
تعلیم + حجاب + شادی = کامیابی ۔ اردو میڈیم طلبہ کی زندگی بہانے بنانے والوں کیلئے ایک پیغام
حیدرآباد : 26 ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے کاغذ نگر سے تعلق رکھنے والی شگفتہ فردوس نے اپنی محنت ، لگن اور جستجو کے ذریعہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے حال ہی میں منعقدہ گروپ I کے امتحانات میں ریاستی سطح پر 18 واں رینک حاصل کیا اور ڈسٹرکٹ رجسٹرار کے عہدہ پر منتخب ہوتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ ہیڈ کانسٹبل سید حبیب الرحمن کی چار اولادوں میں تین لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے ، سبھی نے تعلیم کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ شگفتہ فردوس گروپ I میں کامیابی حاصل کر کے ڈسٹرکٹ رجسٹرار منتخب ہوئی ۔ تشینہ فردوس کوٹالہ منڈل میں یونانی ڈاکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں ، ادیب الرحمن سیول انجنیئر ، اسرا فردوس گورمنٹ ایس جی ٹی ٹیچر کیرا میری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہے ۔ شگفتہ فردوس نے اپنی تعلیم کا آغاز کاغذنگر کے انور اردو ہائی اسکول سے کیا اور دسویں جماعت تک اردو میڈیم میں تعلیم حاصل کی بعد میں اپنی منزل پر نگاہیں جمائے رکھیں ۔ شادی اور گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود انہوں نے تعلیم کا سفر جاری رکھا ۔ دو بچوں کی پرورش کے ساتھ ساتھ تین ماہ کی رخصت لے کر گروپ I کی تیاری کرنا ان کی استقامت کی عکاسی کرتا ہے ۔ اردو میڈیم میں مٹیریل دستیاب نہ ہونے کے باوجود انہوں نے انگریزی مواد کو اردو میں ترجمہ کرتے ہوئے تیاری کی اور شاندار کامیابی حاصل کی ۔ شگفتہ فردوس نے اپنی کامیابی پر ردعمل کا اظہار کیا کہ ’ کچھ لوگ کہتے ہیں اردو میڈیم کی تعلیم سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ‘ لیکن میری کامیابی اس سوچ کی نفی کرتی ہے ۔ اردو میڈیم سے بھی تعلیم حاصل کرتے ہوئے ضلعی اور ریاستی سطح کے بڑے بڑے سرکاری عہدے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ شادی اور حجاب ، تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے اگر دل میں لگن اور ارادہ پختہ ہو تو ہر منزل آسان ہوجائے گی ۔ شگفتہ فردوس کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہیکہ اردو میڈیم کی تعلیم ایک کمزوری نہیں بلکہ بہت بڑی طاقت ہے ۔ خواتین شادی اور حجاب کے ساتھ بھی اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکتیں ہیں ۔یہ کہانی صرف شگفتہ فردوس کی نہیں ہے بلکہ ہر اس لڑکی کیلئے پیغام ہے جو یہ سمجھتی ہیں کہ شادی ، حجاب اور گھریلو ذمہ داریاں تعلیم کی راہ میںرکاوٹ بن سکتی ہیں ۔ اگر دل میں اراہ پختہ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے ۔ 2