پریاگ راج:26 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے پیش نظر پورے ملک میں 21دنوں کے لاک ڈاؤن کے دورا ن اترپردیش کے پریاگ راج میں ضروری اشیاء کی کالا بازاری کرنے والے دودوکانداروں کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کرلیاہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد چہارشنبہ کو روز مرہ کی اشیاء کی تیزی سے بڑھتے مطالبے کے درمیان آٹا، چاول، دال،تیل اور چینی کو خردہ قیمتوں سے دو گنا قیمتوں پر فروخت کیا جانے لگا ہے ۔خریداروں نے اس کی شکایت پولیس سے کی تھی۔مٹھی گنج میں رام بھون چوراہے کے نزدیک کیرانے کی دوکان چلانے والے راجو کیسروانی پر الزام تھا کہ انہوں نے 50 کلو آٹے کی متعینہ قیمت سے 600 روپئے زیادہ وصول کئے ہیں۔ ویں بیرہنا علاقے میں پرچون دوکاندار محمد اکبر کے خلاف بڑھی ہوئی قیمتوں کے ساتھ اشیاء کو فروخت کرنے کی شکایت کی گئی تھی۔پولیس نے دونوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا ہے ۔