حیدرآباد ۔17۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کالجس میں طلبہ کو سینیئرس کی ہراسانی سے بچانے کے سخت اقدامات کئے ہیں ۔ ایم بی بی ایس داخلوں کے بعد کلاسس کے دوران نلگنڈہ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں پیش آئے ریاگنگ کے واقعہ میں 4 طلبہ کو معطل کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں ان میں 2طلبہ ایم بی بی ایس سال چہارم کے ہیں جنہیں 6ماہ کیلئے معطل کیاگیا ہے جبکہ تیسرے سال اور سال اول کے ایک‘ ایک طالب علم کو1‘ 1ماہ کیلئے معطل کیا گیا ہے۔ نلگنڈہ کے سرکاری میڈیکل کالج میں ریاگنگ کی شکایات موصول ہونے کے بعد کالج انتظامیہ نے تحقیقات کے بعد یہ کاروائی کی ہے ۔ کالج میں 12نومبر کو سینئیر طلبہ کی جانب سے فریشرس کو ہراساں کیاگیا اور جونیئر طلبہ نے اس ہراسانی کی شکایت انتظامیہ سے کی جس پر انسداد ریاگنگ کمیٹی کے ذریعہ یہ کارروائی کی گئی ۔3
انتظامیہ نے سرکاری کالج میں موجود انسداد ریاگنگ کمیٹی کے ذریعہ طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے اور تحقیقات مکمل کئے جانے کے بعد ریاگنگ میں ملوث 4 طلبہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور اس کی اطلاع اعلیٰ عہدیداروں کو دے دی گئی ہے۔