کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے انجینئرس کو ترقی

   

پراجکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل پر اعزازات، حکومت سے احکامات
حیدرآباد ۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی مقررہ مدت سے قبل ہی کامیابی کے ساتھ تکمیل پانے میں اہم رول ادا کرنے والے پانچ انجینئرس کو اعلیٰ عہدوں پر ترقی دیتے ہوئے ریاستی حکومت نے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہیکہ کالیشورم پراجکٹ ڈیوژن نمبر 1 میں خدمات انجام دینے والے ایگزیکیٹیو انجینئر مسٹر وی وی ریڈی کو ترقی دیتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر کے عہدے پر فائز کرتے ہوئے انہیں کالیشورم پراجکٹ سرکل نمبر 1 پر تعینات کیا گیا۔ فی الوقت سپرنٹنڈنگ انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے سدھاکر ریڈی کا تبادلہ کرکے انہیں کریم نگر سرکل میں سپرنٹنڈنگ انجینئر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا۔ اسی طرح لنک II میں ڈپٹی ایگزیکیٹیو انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مسٹر این سریدھر کو ایگزیکیٹیو انجینئر کے عہدے پر ترقی دیکر انہیں پراجکٹ ڈیویژن II میں بحیثیت ایگزیکیٹیو انجینئر تعینات کیا گیا اور پراجکٹ ڈیویژن II میں ڈپٹی ایگزیکیٹیو انجینئر خدمات انجام دینے والے اے یادگیری کو ایگزیکیٹیو انجینئر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ علاوہ ازیں لنک I میں خدمات انجام دینے والے اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو انجینئرس مسٹر ایمواجد اور پی روی چندرا کو ڈپٹی ایگزیکیٹیو انجینئرس کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ ان عہدیداروں کو ترقی دینے کے معاملہ میں تلنگانہ سب آرڈینٹ سرویسیس رولس کیلئے 10 بجے حدود سے انہیں استثنیٰ دیا گیا اور دی گئی ترقیاں بالکلیہ طور پر عارضی ہوں گی۔ بتایا جاتا ہیکہ کئے گئے عارضی انتظامات، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں زیرالتواء کیسیس کے قطعی فیصلہ پر منحصر ہوں گے اور کسی قبل از نوٹس کے بغیر ترقی دیئے گئے عہدوں سے انجینئروں کو ہٹا دینے کے مکمل اختیارات حکومت کو حاصل رہیں گے۔