حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر جلد ہی وجئے واڑہ کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش سے ملاقات کریں گے اور انہیں مدعو کریں گے۔ حکومت تلنگانہ نے 21جون کو کالیشورم پراجکٹ کے افتتاح کا منصوبہ بنایا ہے اور اس پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاریاں شروع کی جا چکی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ 21 جون کو منعقد ہونے والے اس پروگرام میں چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو شرکت کی دعوت مسٹر کے چندر شیکھر راؤ شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے دیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں اس بات کی توثیق کی گئی ہے کہ کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میںمسٹر جگن موہن ریڈی کو خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاست تلنگانہ13 اضلاع میں موجود زرعی اراضی کو سیر آب کرنے کی غرض سے شروع کئے گئے اس پراجکٹ کے کچھ حصوں کو مکمل کرلیا گیا ہے اور اس پراجکٹ کے ذریعہ شہری علاقو ںکو بھی پینے کے پانی کی سربراہی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے 80ہزار کروڑ کی لاگت سے تیار کئے گئے اس پراجکٹ کا چیف منسٹر 21 جون کو افتتاح انجام دیں گے اور اس تقریب میں جگن موہن ریڈی مہمان خصوصی ہوں گے۔
