چیف منسٹر مہاراشٹرا دیوندر فڈنویس کی شرکت
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر دیوندر فڈنویس بھی شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دیویندر فڈنویس سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں 21جون کو منعقد ہونے والی کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا جس پر چیف منسٹر نے رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہت جلد ممبئی پہنچ کر ان سے شخصی ملاقات کرتے ہوئے انہیں 21 جون کی تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامہ حوالہ کریں گے۔ تلنگانہ میں شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کو بھی مدعو کیا جا چکا ہے اور اب چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر فڈنویس کو چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے شخصی طور پر مدعو کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش اور مہاراشٹرا کا شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے اپنے ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مدعو کریں گے۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف منسٹر مہاراشٹرا سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں کالیشورم پراجکٹ کی تفصیلات اور اس کے فوائد اور 21جون کو منعقد ہونے والی تقریب کے متعلق واقف کروایا اور کہا کہ وہ بہت جلد ان سے ملاقات کرتے ہوئے شخصی طور پر دعوت نامہ حوالہ کریں گے۔
