کالیشورم پراجکٹ کی تاریخ پر مبنی کتاب کی رسم اجراء

   

کے سی آر نے عہدیدار سریدھر دیشپانڈے کی خدمات کی ستائش کی
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل محض تین سال کے ریکارڈ وقفہ میں عمل میں آئی ہے جو خوش آئند و قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کے ذریعہ ریاست بھر میں کسانوں کو فصلوںکیلئے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ پراجکٹ سے متعلق تفصیلات کو مرتب کرتے ہوئے نئی نسل اور آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (آبپاشی) برائے چیف منسٹر سریدھر دیشپانڈے کی تصنیف کی رسم اجراء انجام دی۔ کتاب کا عنوان ’’ کالیشورم پراجکٹ ۔ تلنگانہ پرگتی رتھم ‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے سریدھر دیشپانڈے کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی مکمل تاریخ کو ایک جامع انداز میں کتاب میں رقم کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ کیا گیا ہے۔ سریدھر دیشپانڈے نے کتاب میں کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں چیف منسٹر کے سی آر کے عزم مصمم اور عاجلانہ تکمیل کے منصوبہ کو بحسن خوبی پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح چیف منسٹر نے از خود گوگل ارتھ ٹولس اور دریائے گوداوری کے بہاؤ سے متعلق سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کی مدد سے کالیشورم پراجکٹ پر کسی بھی انجینئر سے زیادہ ریسرچ کیا ہے۔ اس موقع پر شاعر و ادیب جے گوری شنکر اور انجینئر اِن چیف کالیشورم پراجکٹ وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔