گوداوری ندی کا 1.5 لاکھ ٹی ایم سی پانی روزانہ سمندر میں ضائع: ٹی جیون ریڈی
جگتیال۔ 22 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی کے سینئر قائدو ایم ایل سی جیون ریڈی نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا‘ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد اور کمیشنوں کے لئے برائے نام ٹنڈرس کے ذریعہ کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر کی گئی جس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں اور دھاندلیاں کی گئیں ۔ ملک میں اتنے بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں کسی ریاست میں نہیں ہیں ۔ یہ میں نہیں کہہ رہا ہوں حالیہ دنوں مرکزی وزیر کے حیدرآباد کے دورے پر کئے گئے ریمارکس پر کہہ رہا ہوں ‘ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر سے زیادہ تشہیر پر دلچسپی ہے ۔ گذشتہ تین سال کا عرصہ ہو رہا ہے ابھی تک زراعت کے لئے ایک بوند پانی نہیں دیا گیا جبکہ حکومت نے گوداوری کے پانی کو سمندر میں ضائع ہونے سے بچانے کے لئے کالیشورم پراجیکٹ ریورس پمپنگ کے ذریعہ نچلی سطح سے اوپری سطح پر پانی کی منتقلی کرنے کے بلد بانگ دعوے کر رہی ہے ‘ سب کھوکھلے ثابت ہوئے ۔ گذشتہ پچاس دن سے ہر روز 1.5 لاکھ ٹی ایم سی پانی سمندر میں ضائع ہو رہا ہے ۔ کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے قومی سطح پر ٹنڈرس طلب کئے جانے کے بجائے چیف منسٹر کمیشن کے خاطر اپنے قریبی لوگوں کو ٹنڈرس نامینیشن کی بنیاد پر دیا ‘ اس پراجیکٹ کے لئے 4,657.95 کروڑ ادیبوں کا مالی بوجھ ڈالنے کا الزام عائد کیا ۔ تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آ کر پانچ سال کا عرصہ ہو رہا ہے کوئی ایک پراجیکٹ مکمل نہیںکیا گیا ۔ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ سے پانی کو جلد از جلد لفٹ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر سابق بلدیہ چیرمین گری ناگابھوشنم اور بنڈہ شنکر‘ مہیش سابق ایم پی پی ‘ سابق کونسلر گاجولہ راجیندر ‘ ایڈوکیٹ جگدیشور اور ریاض ‘ مکثر علی نہال ‘ خواجہ سمیع الدین اور دیگر موجود تھے ۔