کالیشورم پراجیکٹ میں کئی ہزار کروڑ کی بے قاعدگیاں

   

Ferty9 Clinic

کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا وزیراعظم کو مکتوب، تحقیقات کا مطالبہ

حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کالیشورم پراجیکٹ میں کئی ہزار کروڑ کی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے تفصیلی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وینکٹ ریڈی نے وزیراعظم کو مکتوب میں بتایا کہ 6 اگست 2019ء کو حکومت نے تین مختلف جی او جاری کیے جس میں میڈی گڈا لفٹ سسٹم، انارم لفٹ سسٹم اور سندیڈلا لفٹ سسٹم سے روزانہ 3 ٹی ایم سی پانی کی سربراہی کے لیے پمپس کی تنصیب اور دیگر کاموں کے سلسلہ میں تفصیلات شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے گوداوری سے کالیشورم کو 160 ٹی ایم سی پانی کے حصول کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ انجینئر ان چیف کالیشورم پراجیکٹ نے جو منصوبہ تیار کیا تھا اس میں تبدیلی کی گئی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مذکورہ کاموں کی تکمیل کے لیے 40 ہزار کروڑ کی ضرورت ہے لیکن حکومت کے احکامات میں رقم کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے ان کاموں کے لیے گلوبل ٹینڈرس طلب نہیں کیے اور نامزدگی کی بنیاد پر کام الاٹ کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کاموں کے سلسلہ میں کئی ہزار کروڑ روپئے کی بے قاعدگیوں کا اندیشہ ہے اور یہ ملک کا سب سے بڑا اسکام ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ کاموں کی منظوری سے متعلق احکامات میں کاموں کی لاگت کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیں اور فوری طور پر مذکورہ کاموں کو روک دیں۔ تاکہ سرکاری خزانے سے کئی ہزار کروڑ کے بے جا استعمال کو روکا جاسکے۔ انہوں نے مذکورہ کاموں کے لیے شفافیت کے ساتھ ٹینڈرس طلب کرنے کی تجویز یش کی۔