کاما ریڈی کے قریب خوفناک سڑک حادثہ ‘ حیدرآباد کے 7 افراد جاں بحق

   

کاماریڈی :18؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ضلع کاماریڈی کے بچکندہ اسمبلی حلقہ کے پدا کوڑپگل کے جگناتھ پلی میں ہوئے خوفناک سڑک حادثہ میں حادثہ میں حیدرآباد کے دو خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 6 بچے شدید زخمی ہوگئے جن میں 4 کی حالت تشویشناک ہے ۔ مہلوکین میں چادر گھاٹ کے امیر تاج ، ثنا بیگم ، حنا 2 سال ، حنان 6ماہ ‘ نور بیگم کے علاوہ فلک نما کے ساکن محمد حسین اور ان کی اہلیہ تسلیمہ بیگم شامل ہیں ۔ ڈی ایس پی بانسواڑہ مسٹر جئے پال ریڈی نے بتایا کہ چادر گھاٹ سے تعلق رکھنے والے امیر تاج اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ ناندیڑ میں واقع ایک درگاہ کی زیارت کیلئے دو دن قبل گئے ہوئے تھے آج واپسی کے دوران قومی شاہراہ 161 پدا کوڑپگل پولیس اسٹیشن کے جگناتھ پلی میں ہریانہ کی ٹھہری ہوئی لاری سے تیز رفتار کوالس ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں امیر تاج اور ثناء بیگم کے علاوہ دو معصوم بچے اورچار بڑے افراد ( بالغ) ہلاک ہوگئے ۔ اطلاع کے ملتے ہی پدا کوڑپگل اور بچکندہ سرکل انسپکٹر مقام حادثہ کو پہنچ گئے ۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ تیز رفتار کوالس ٹھہری ہوئی لاری کے اندر گھس گئی جس کی وجہ سے یہ افراد ہلاک ہوگئے اور 6 بچے شدید زخمی ہوگئے ۔ اس منظر کو دیکھنے والے ہر شخص کے آنسو نکل رہے تھے کیونکہ کوئی بھی ان کا پرُسان حال نہیں تھا اور نہ زخمی بچے تفصیلات بتانے کے قابل نہیں تھے ۔ گاڑی کے نمبر سے دریافت کرکے گھروالوں کو اطلاع دی گئی ۔زخمی 7 افراد میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہونے پر نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ڈی ایس پی جئے پال ریڈی نے بتایا کہ نعشوں کو بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کیلئے بانسواڑہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا پولیس پدا کوڑپگل کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔