حریفوں کو الجھن میں رکھنے امیدواروں کے اعلان میں تاخیر، ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کے نام تقریباً طئے
حیدرآباد۔/31 اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے دو مرحلوں میں 100 اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ تاہم باقی 19 نشستوں کے امیدواروں کے مسئلہ پر تجسس برقرار ہے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم کو 4 نشستیں الاٹ کی جائیں گی اور باقی 15 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سی پی آئی اور سی پی ایم سے نشستوں کی مفاہمت پر بات چیت غیر مختتم رہی لہذا کانگریس امیدواروں کے ناموں کے اعلان کو موخر کیا گیا ہے۔ باقی حلقہ جات میں کاماریڈی اور نظام آباد اربن نشستوں پر ہر کسی کی نظر ہے۔ بی آر ایس ، بی جے پی کے علاوہ کانگریس کے قائدین اور ورکرس میں دونوں نشستوں کے امکانی امیدواروں کے بارے میں بے چینی دیکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کی جانب سے گجویل کے علاوہ کاماریڈی سے مقابلہ کے اعلان کے سبب کانگریس ہائی کمان نے حکمت عملی کے تحت دونوں حلقہ جات کے امیدواروں کے اعلان کو روک رکھا ہے۔ بی آر ایس کو کاماریڈی سے کانگریس کے امیدوار کے نام کی فکر ہے کیونکہ ہائی کمان نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو میدان میں اتارنے کی تیاری کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ریونت ریڈی کاماریڈی سے کے سی آر کا مقابلہ کریں۔ وہ کوڑنگل کے علاوہ کاماریڈی سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ دوسری طرف محمد علی شبیر کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے ہائی کمان نے نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ کا انتخاب کیا ہے جہاں اقلیتی رائے دہندوں کی آبادی تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ہے۔ ہائی کمان نے نظام آباد ( اربن ) کے ٹکٹ دعویداروں کو دہلی طلب کرتے ہوئے محمد علی شبیر کی تائید کی ترغیب دی ہے۔ نظام آباد ( اربن ) میں بی آر ایس اور بی جے پی دونوں کے امیدواروں کا تعلق ویشیا کمیونٹی سے ہے ایسے میں محمد علی شبیر کو دیگر طبقات کے علاوہ مسلمانوں کی تائید حاصل ہوسکتی ہے۔ مجلس نے موجودہ صورتحال میں نظام آباد اربن سے امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ دونوں حلقہ جات کے بارے میں جاری تجسس جلد ختم ہوجائے گا اور بی آر ایس کو الجھن میں مبتلاء کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے جو مائنڈ گیم کھیلا ہے اس کا جلد ہی نتیجہ برآمد ہوگا۔