نظام آباد۔ 7 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شبیر علی فائونڈیشن کی جانب سے ساہتیہ ٹرسٹ انڈو یو ایس ہاسپٹل کے اشتراک سے مدرسہ کاشف العلوم اسلام پورہ کاماریڈی میں بروز اتوار فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا ۔ حیدرآباد اور امریکہ کے ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف پر مشتمل 30 رکنی ٹیم نے کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے مریضوں کا معائنہ کیا مفت ادویات کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور تمام افراد کیلئے طعام کا اہتمام کیا گیا۔ سابق ریاستی وزیر و سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے غریبوں اور متوسط طبقات کی طبی ضرورتوں کیلئے میڈیکل کیمپس کے انعقاد کو ناگزیر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی شعبہ میں علاج کافی مہنگا ہوچکا ہے لہذا رضاکارانہ تنظیموں کو عوام کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ کیمپ میں بلڈ پریشر ، شوگر ، ای سی جی ، آنکھ اور قلب کے عوار ض کے معائنہ کئے گئے ۔ڈھائی تا تین ہزار مریضوں کے معائنے کئے گئے ۔ غریبوں میں ادویات مفت تقسیم کی گئیں ۔ سرجیکل علاج کے سلسلہ میں مریضوں کو حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں مکمل علاج مفت کیا جائیگا۔ کیمپ میں کئے نامور ڈاکٹرس کے علاوہ ساہتیہ ٹرسٹ کے صدرنشین منظور غوری ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید انیس الدین کے علاوہ حیدرآباد و کاماریڈی شہر کے کانگریس قائدین و کارکنان و مقامی نوجوانوں نے شرکت کی ۔