کاماریڈی کے بال سدن میں مقیم یتیم بچوں کیلئے تعلیمی تفریح کا انعقاد

   

Ferty9 Clinic

کاماریڈی۔ 11؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع کلکٹر کاماریڈی آشش سنگوان کی خصوصی پہل کرتے ہوئے کاماریڈی ضلع کے بال سدن میں مقیم 65 یتیم بچوں کے لیے ایک بامقصد تعلیمی و تفریحی دورہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے تحت بچوں کو حیدرآباد کے تاریخی اور عالمی شہرت یافتہ سالار جنگ میوزیم لے جایا گیا۔ اس تعلیمی سیر کا مقصد بچوں میں تخلیقی سوچ، تاریخ، فنونِ لطیفہ، ثقافت اور انسانی ارتقاء سے متعلق عملی آگہی پیدا کرنا تھا۔ 10؍ جنوری 2026 کو بچوں نے سالار جنگ میوزیم کا دورہ کیا جہاں نایاب تاریخی نوادرات، فنِ مصوری کے شاہکار، قدیم ملبوسات، اسلحہ، مجسمے اور مختلف تہذیبوں سے وابستہ قیمتی اشیاء نے بچوں کو بے حد متاثر کیا۔ اس دورہ کے ذریعہ بچوں کو ہندوستان اور دنیا کی تاریخ سے متعلق کئی اہم پہلوؤں کو قریب سے جاننے کا موقع ملا، جسے انہوں نے ایک زندہ کلاس روم کا تجربہ قرار دیا۔میوزیم انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے لیے پرتکلف طعام کا اہتمام کیا گیا، ساتھ ہی تحائف بھی پیش کیے گئے۔ میوزیم کے عملہ نے ہر گیلری کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے بچوں کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر آشش سانگوان نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی دورے بچوں میں مثبت مشاہداتی سوچ کو فروغ دیتے ہیں اور اختراعی ذہنیت کی بنیاد رکھتے ہیں۔