کاماریڈی۔27 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لاری اور کار کے درمیان ہوئے تصادم میں تین افراد ہلاک ہوگئے اور لاری جل کر خاکستر ہوگئی ۔ یہ واقعہ ضلع کاماریڈی کے سداشیو نگر منڈل کے اڈلور یلاریڈی کے حدود قومی شاہراہ نمبر 44 پر پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب گنٹور ضلع کے ستنا پلی سے تعلق رکھنے والے تاجر راکیش حیدرآباد کے ونستاپورم میں مقیم ہے اور یہ حیدرآباد سے آج صبح کی اولین ساعتوں میں باسر مندر کا درشن کرنے کی غرض سے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ حیدرآباد سے باسر جارہے تھے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں اڈلور یلاریڈی کے پاس ان کی تیز رفتار کار بے قابو ہوگئی اور نظام آباد سے حیدرآباد رخ جانے والی لاری سے ٹکرا تے ہوئے ڈیزل ٹینک کو ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں لاری میں آگ بھڑکنا شروع ہوئی اور کار میں سوار سنیتا ، راما دیوی ، رگھو رام برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ راکیش ابھیرام شدید زخمی ہونے پر انہیں کاماریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا بعدازاں انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ اس بات کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی یلاریڈی ستنا کے علاوہ سرکل انسپکٹر، سب انسپکٹر مقام حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا اور نعشوں کو بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کیا اور اس کیس کو پولیس سداشیو نگر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔