مخلوق خدا کی خدمت کرنے کی تلقین ، الفلاح بیت المال اجیری گلبرگہ کا افتتاح، مولانا غیاث احمد رشادی کاخطاب
گلبرگہ /5 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ تعالیٰ نے اپنے ماننے والوں کیلئے بہترین نمونہ کے طور پر سید المرسلین خاتم النبیین کی وہ پیاری اور مقدس زندگی بخشی ہے جس زندگی میں ہم مسلمانوں کے لیے وہ رہنمایانہ خطوط ملتے ہیں جن کو اختیار کرنے سے ہماری زندگیاں کامیابی کے ہمکنار بھی ہوتی ہیں اور خوشگوار بھی ہوجاتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے اجیری ضلع گلبرگہ میں حال ہی میں قائم کردہ الفلاح بیت المال کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ ہندوستانی مسلمان اس ملک میں اسلامی تشخص کے ساتھ اپنی زندگی گزاریں اور آپسی میل محبت، بھائی چارہ، ہمدردی، غمخواری، عفو ودرگزر، احسان،ایثار، مروت، رواداری اور خدمت گذاری کے جذبہ کے ساتھ زندگی گزاریں۔ رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ابتداء میں مدنی معاشرہ کی بنیاد چار چیزوں پر رکھی کہ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کو سلام کریں، کھانا کھلائیں، صلہ رحمی کریں اور جس وقت دنیا سو رہی ہو اللہ کے دربار میں عبادت کے لئے کھڑے ہوجائیں۔ جب مسلمان ان چار کاموں پر ثابت قدم رہیں گے تو آسانی کے ساتھ جنت میں جاسکیں گے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے جم غفیر کو للکارتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اپنے اندر خدمت خلق کا جذبہ پیدا کریں۔ سارے ہی نبیوں نے اللہ کی عبادت اور دین کی دعوت کے ساتھ مخلوق خدا کی خدمت کی ہے اور آخری نبی نے اپنی آخری امت کو خدمت خلق کا وہ اہم پیغام قولا و عملا پیش کیا ہے کہ وہ تاریخ و سیرت کا اہم حصہ بن گیا۔ مولانا رشادی نے کہا کہ مسلمان آخری مقدس کتاب قرآن مجید کو پڑھیں، سمجھیں اور اس پر عمل بھی کریں۔ اس اجلاس عام میں حافظ شریف، احمد مظہری ،مولانا نذیر احمد رشادی، مولانا اقبال احمد قاسمی اور مولانا وسیم صاحب جیورگی کے علاوہ مقامی علماء کرام اور معزز شخصیات و دیگر شریک رہے۔