ممبئی: اپنے مخصوص انداز، تاثرات اورمزاحیہ آواز سے تقریباً پانچ دہائیوں تک شائقین کے دلوں کو لبھانے والے محمود نے فلم انڈسٹری میں کنگ آف کامیڈی کا درجہ حاصل کیا چائلڈ ایکٹر سے مزاحیہ اداکار کے طورپر بالی ووڈ میں ایک خاص شناخت بنانے والے محمود کی پیدائش 29 ستمبر 1933 کو ممبئی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ممتاز علی بامبے ٹاکیز اسٹوڈیو میں کام کیا کرتے تھے ۔ گھر کی خاطر محمود نے ملاڈ اور ویرارکے درمیان چلنے والی لوکل ٹرینوں میں ٹافیاں تک بیچیں۔محمود کی قسمت کا ستارہ جب روشن ہوا جب فلم نادان میں شوٹنگ کے دوران اداکارہ مدھوبالا کے سامنے ایک جونیئر اداکار دس بار ری ٹیک دینے کے بعد بھی اپنا مکالمہ ادا نہیں کرپارہا تھا۔ فلم ہدایت کار ہیرا سنگھ نے یہ مکالمہ محمود کو بولنے کیلئے دیا جسے انہوں نے بغیر ری ٹیک کے ایک مرتبہ میں ہی مکمل کردیا۔اس فلم میں محمود کو بطور فیس300 روپے دیئے گئے جبکہ بطور ڈرائیور محمود کو محض 75 روپے ہی ملا کرتے تھے ۔ اس کے بعد محمود نے ڈرائیونگ کا کام چھوڑ دیا۔ ان کی مشہور فلموں میں دل تیرا دیوانہ، پیار ہی پیار، پیار کئے جا، پڑوسن اور کنوارہ باپ شامل ہیں۔ ان کا انتقال 23 جولائی 2004ء کو ہوا۔